پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے مساجد سولر اسکیم میں مبینہ بےضابطگیوں سے متعلق اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بابر سلیم سواتی کو خط ارسال کر دیا۔
عاطف خان نے چیئرمین پی اے سی کو لکھے گئے خط میں الزام لگایا ہے کہ ٹی ایم اے مردان کے تحت مساجد کی سولر اسکیموں میں بےضابطگیاں اور عوامی فنڈز کا غلط استعمال ہوا ہے۔
چیئرمین پی اے سی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکیداروں کو پیشگی ادائیگیاں کی گئیں لیکن عملی طور پر کام نہ ہونے کے برابر ہے، ناقص اور غیر معیاری کام عوامی اعتماد کی خلاف ورزی ہے، چیف سیکرٹری کو متعدد خطوط کے باوجود کارروائی نہیں ہوئی، معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
عاطف خان نے اپنے خط میں اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی سے مطالبہ کیا کہ اسکیموں کا مکمل مالی آڈٹ، فزیکل کام اور معیار کی جانچ پڑتال کی جائے، ذمہ دار افسران کی نشاندہی اور سخت محکمانہ کارروائی کی جائے، عوامی فنڈز کے غلط استعمال پر خاموشی ناقابل قبول ہے، عوام جواب چاہتے ہیں، خاموشی مزید بداعتمادی کو جنم دے گی۔