وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
آذربائیجان کے دورے پر موجود وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں شمالی وزیرستان اور چترال میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، ان کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا، دہشتگردوں کو معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی انتہائی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم اور متحد ہیں، وزیراعظم نے اس موقع پر قومی یکجہتی اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون پر بھی زور دیا۔