افغان حکومت کا بھی پاکستان میں اپنا سفیر تعینات کرنے کا اعلان

0 113

پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کے فیصلے کے بعد اہم سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت افغان طالبان حکومت نے بھی پاکستان کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں موجود اپنے ناظم الامور کو سفیر کے درجے پر ترقی دینے کا اعلان کر دیا۔

افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔

پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ حالیہ سفارتی روابط میں بہتری اور باہمی مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے جسے علاقائی سطح پر ایک مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر یہ پیشرفت تجارتی، سکیورٹی اور مہاجرین جیسے اہم معاملات پر براہ راست بات چیت کے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور عبیدالرحمٰن نظامانی کو سفیر کا درجہ دیا تھا، پاکستان نے 2021 میں افغان طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار افغانستان میں اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔

یہ اقدام کابل کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے اور افغان طالبان انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی اسلام آباد کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے، کابل میں پاکستان کے ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی کو سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.