حکومت نے آئی ایم ایف سے ریلیف نہ ملنے کے بعد بجلی چوری روکنے، نادہندگان سے واجبات وصول کرنے اور پانی سے بجلی کے چھوٹے منصوبوں پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
حکومت بجلی صارفین کو ریلیف کے لیے حقائق پر مبنی غیر روایتی حل تلاش کرنے کے لیےکوشاں ہے، حکومت بجلی بلوں کے معاملے پر مالیاتی اداروں سے وعدوں پر عمل درآمد کرے گی،انوار الحق کاکڑ
نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو مطمئن کرنے کے لیے حقائق پر مبنی فیصلہ کرےگی، گردشی قرضہ، بجلی چوری اور لائن لاسز بڑے چیلنجز ہیں، حکومت احتجاج کرنے والوں کے جذبات مجروح کیے بغیر مسئلےکا قلیل مدتی حل تلاش کرے گی۔
عبوری حکومت نے سرمایہ کاری کے حصول کی پالیسی پر توجہ کی ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل معاشی بحالی کی حکمت عملی ہے، زراعت، معدنیات، دفاعی پیداوار اور آئی ٹی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، دو یا اس سے زیادہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی فوری نجکاری کی جائےگی، بجلی اور ٹیکس کے شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔