جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا وہ خود کبھی پائیدار امن نہیں پاسکتا، مریم نواز

0 11

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا وہ خود کبھی پائیدار امن نہیں پاسکتا۔ پنجاب نے پاکستان میں پہلی بار چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی۔ جارحیت کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں معصوم بچے جارحیت کا شکار ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کی معصوم مسکراہٹیں آہوں اور سسکیوں میں بدل جائیں تو انسانیت کا سر جھک جاتا ہے، غزہ میں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہزاروں ننھی لاشیں اسرائیلی جارحیت پر عالمی بےحسی کا نوحہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے نیچے ہزاروں معصوم بچے بھی دفن ہوگئے، کشمیر کی فضائیں اُن بچوں کی سسکیوں سے بوجھل ہیں جنہیں تا ابد خاموش کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جارحیت کا شکار بچوں کا المیہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بدقسمتی سے بچے حالتِ امن میں بھی جارحیت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں معصوم بچوں کو جارحیت سے محفوظ رکھنے کےلیے اقدامات کریں گے۔ پنجاب کا ہر ادارہ، قانون اور قدم بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح کےلیے ہم آہنگ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.