وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھا پاکستان کا بیانیہ سچ پر مبنی تھا جب کہ نریندر مودی آج سرینڈر مودی بن چکا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے پی پی 163 لاہور کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماؤں سے عید ملی اور مبارکباد دی، رکن اسمبلی بی بی وڈیری اور رکن اسمبلی میاں عمران جاوید نے عطااللہ تارڑ کا استقبال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں اللہ نے سرخرو کیا، پاکستانی شاہینوں نے بھارت کو دن کی روشنی میں چت کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی تھی جس میں اللہ نےکامیابی دی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، ایران، ترکیہ، آزر بائیجان اور تاجکستان کے دورے کامیاب رہے جب کہ دنیا نے دیکھا ہمارا بیانیہ سچ پر مبنی تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، بھارت جنگ بھی ہارا اور مار بھی کھائی، نریندر مودی آج سرینڈر مودی بن چکا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا نے بھارتی پروپیگنڈے کو پوری طرح پرکھا اور ان کا جھوٹ دنیا کے سامنے آیا جب کہ عسکری لحاظ سے تو پاکستان کی شناخت واضح ہوگئی اب معاشی طاقت بننا ہے۔