میئر کراچی مرتضی وہاب نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کہیں گئی نہیں لیکن صاف ستھرا پنجاب نظر آرہا ہے، یہ ان کی مینجمنٹ ہے لیکن میرے پاس کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں اتنے وسائل نہیں ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والوں کا کام عوام کی کھال اتار کر کھالیں جمع کرنا ہے، انہوں نے طنزاً کہا کہ بہت کھالیں اٹھالیں ،اب آلائشیں بھی اٹھالیں جب کہ جو حال کراچی کا ایم کیو ایم نے کیا ہے وہ سب کو پتا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے نظام میں بہتری لائی جائے، کل سے مختلف علاقوں کا دورہ کررہا ہوں، نظام کبھی آئیڈیل نہیں ہوتا بہتری کی گنجائش ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام اضلاع اور ٹاؤنز میں کلیکشن پوائنٹس بنائے، بڑی شاہراہیں دھونے کا فیصلہ کیا ہے، برنس روڈ سے آغاز کیا ہے جب کہ کراچی شہر میں 37ہزار 547 ٹن آلائشیں اٹھائی جاچکی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کہیں گئی نہیں لیکن صاف ستھرا پنجاب نظر آرہا ہے۔