عمر ایوب تھانہ نیو ٹاؤن مقدمہ میں شامل تفتیش، تحریری بیان جمع
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب تھانہ نیو ٹاؤن میں درج 24 نومبر جلاؤ گھیراؤ کیس میں عدالتی حکم پر شامل تفتیش ہو گئے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے حکم کے بعد عمر ایوب نے اپنے وکیل کے ذریعے تفتیشی افسر کے سامنے تحریری بیان جمع کروا دیا۔
عمر ایوب کی جانب سے جمع کروائے گئے بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ ایک سیاسی اور جمہوری سوچ رکھنے والے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ملک بھر میں ان کے خلاف درج 90 سے زائد مقدمات بے بنیاد اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں، وہ تمام مقدمات میں عدالتوں کے سامنے پیش ہو رہے ہیں۔
اپنے تحریری بیان میں عمر ایوب نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ مقدمہ جھوٹ اور من گھڑت الزامات پر مبنی ہے، میں پرامن احتجاج پر یقین رکھتا ہوں اور کسی بھی قسم کے جلاؤ گھیراؤ میں شامل نہیں رہا، میں بے گناہ ہوں۔عمر ایوب کے وکیل نے عدالت کے احاطے میں ان کا تحریری بیان تھانہ نیو ٹاؤن کے تفتیشی افسر راشد کے حوالے کر دیا۔