چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایران کے سفیرِ ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی قائم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی قیادت اس کی افواج اور عوام کی دفاع کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں اسلام دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، ایران کی قیادت نے مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تنازع کو پھیلنے سے روکا اور جنگ بندی تک پہنچایا۔یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم دعا گو ہیں کہ خطے میں امن قائم ہو اور مغربی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں خوشحالی، ترقی اور بحالی قائم ہو، ہم ایران کے اعلیٰ فوجی افسران، جوہری سائنسدانوں اور بے گناہ شہریوں کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے مختلف اہم فورمز پر ایران پر اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیر اعظم نے 13 جون کے بعد سے اب تک ایرانی قیادت سے تین بار بات چیت کی ہے، انہوں نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور برادر ملک ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے بھی استنبول،ترکیہ میں منعقدہ 51 ویں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کی، پاکستان نے 13 جون سے شروع ہونے والے بحران کے بعد سے دنیا کے رہنماتں سے بھرپور سفارتی روابط قائم کیے اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو بھر پور ا جاگر کیا۔
ایران کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پاکستان کی پارلیمان، قیادت اور عوام کے شکر گزار ہیں، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تجارت اور کثیر الجہتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔