پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، حادثات میں 4 افراد جاں بحق

0 5

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ بارش کے باعث حادثات میں چار افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ ،کاہنہ، جلو موڑ، تاج باغ اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

لاہور میں بارش کے بعد درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا الرٹ ہے، ایم ڈی واسا نے تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ مری اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسے، مالم جبہ، کالام اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث ندی دوڑ میں طغیانی آگئی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی، متعدد سیاح پھنس گئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کیلئے طوفان اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا، صوبائی حکومتوں کی جانب سے مون سون کی بارشوں کے پیش نظر انتظامی معاملات بہتر بنانے کے اعلانات کئے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.