وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے مون سون الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کر دی جس میں پنجاب کے دریاؤں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح، مون سون بارشوں کی صورتحال اور نقصانات کے تازہ ترین اعداد و شمار شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری، لاہور، شیخوپورہ، اٹک، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، چکوال اور ڈیرہ غازی خان میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
فیکٹ شیٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک 18 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 11 بچے، 3 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں جبکہ 57 شہری زخمی اور 27 گھر متاثر ہوئے ہیں، زیادہ تر اموات کچے اور خستہ حال مکانات و چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں جبکہ خانیوال اور اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 شہری اور منڈی بہاؤالدین میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق مون سون بارشوں کا پہلا سپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا جبکہ صوبے کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے تاہم لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ حکومتی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی۔