سانحہ سوات کے وقت ائیر ایمبولینس وزرا کے اہلخانہ کیلئے استعمال ہوئی، گورنر کے پی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ائیر ایمبولینس بنائی گئی تھی لیکن بدقسمتی سے سوات میں موجود نہیں تھی، سنا ہے ائیر ایمبولینس شندور پولو فیسٹول میں وزراء کے اہلخانہ کو خدمات دینے میں استعمال ہوئی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سیاحوں کو بچانے کے لیے ائیر ایمبولینس نہیں تھی، اگر یہ اتنے نالائق ہیں تو ائیر فورس، نیوی سے مدد لے لیتے، کیا ریسکیو 1122 میں غوطہ خور نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 13 سال سے حکومت میں ہے، حکومت کہہ رہی ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے، جس نے تجاوزات کی اجازت دی پہلے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، پہلے پیسے لے کر تجاوزات قائم کیں، اب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل لوگوں کی تجاوزات گرائی گئیں تو پھر یہ تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوگا۔
قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پشاور صدر میں نویں محرم الحرام کے مرکزی ماتمی جلوس میں گئے اور یکجہتی کا اظہار کیا، پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری ابرار سعید سواتی اور اہل تشیع کے اکابرین بھی ان کے ساتھ تھے۔