لاڑکانہ، گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی 4 بچیوں کی نعشیں تالاب سے مل گئیں
لاڑکانہ میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی 4 بچیوں کی نعشیں تالاب سے مل گئیں۔پولیس کے مطابق لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری کے گاؤں صاحب خان ملانو میں واقعہ پیش آیا ایک ہی خاندان کی 4 بچیاں گزشتہ روز والدین سے ملنے کیلئے کھیتوں کی طرف گئیں اور لاپتہ ہوگئیں، تلاش کرنے پر چاروں بچیوں کی نعشیں تالاب سے ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچیوں میں 5 سالہ بشریٰ، 6 سالہ فاطمہ، 7 سالہ حمیرا اور 8 سالہ آمنہ شامل ہیں۔علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نعشیں تالاب سے نکال کر گھر منتقل کر دی، نعشیں گاؤں پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔المناک واقعے پر اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں موجود کھلے اور غیرمحفوظ تالابوں کو محفوظ بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔