مون سون کے رنگ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

0 8

مون سون کے رنگ برقرار، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے تیز بارش ہوئی۔لاہور کے مختلف علاقوں مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک، بیدیاں روڈ، گلبرگ، کینٹ اور ایئر پورٹ کے اطراف میں خوب بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں قصور، پاکپتن، کمالیہ، چنیوٹ، جھنگ، ننکانہ صاحب، وہاڑی، عبدالحکیم، چشتیاں، منڈی صادق آباد، منچن آباد، سرگودھا اور کندیاں میں بادل برس پڑے، بصیر پور میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی وقفے وقفے سے بارش سے حبس میں کمی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 17 جولائی کے دوران ملک کے بعض مقامات پر شدید بارشوں کا امکان ہے، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ این ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کر دی، ملک بھر میں مون سون بارشوں سے 111 افراد زندگی کی بازی ہار چکے، پنجاب میں 40، خیبر پختونخوا میں 37 افراد نے دم توڑا، سندھ میں 17 ، بلوچستان میں 16 ، آزاد کشمیر میں 1 شہری جان سے گیا۔

این ڈی ایم اے نے اموات کی سب سے بڑی وجہ مکانوں کا گرنا قرار دیا گیا، مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 212 افراد زخمی بھی ہوئے،111 کا تعلق پنجاب اور 55 کا خیبر پختونخوا سے ہے، مجموعی طور پر 463 گھروں اور 9 پلوں کو نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں تورغر، چترال اور کوہستان کی سڑکیں متاثر ہوئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.