شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو گرفتار ی سے روکنے کے حکم میں توسیع
پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی جانب سے ایم پی او آرڈرز کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی۔
دوران سماعت عدالتی معاون وکیل بابر اعوان پیش نہیں ہو سکے ، تاہم ان کی معاون وکیل شائستہ تبسم عدالت میں پیش ہو گئیں اور بتایا کہ ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے دلائل گزشتہ سماعت پر مکمل کرلیے تھے۔
عدالت نے اسلام آباد میں ایم پی او کے اطلاق کے حوالے سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہیں یا تو وہ دلائل دیں یا تحریری جواب جمع کروا دیں۔ عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا۔
وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ فیڈریشن کیوں عدالت سے دور بھاگ رہی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے تھوڑا وقت دیا جائے میں اپنی گزارشات تحریری طور پر جمع کروا دوں گا۔