غیر ملکی سیاحوں کے لئے پولیس میں ٹورزم فورس بنانے کا فیصلہ
ٹورزم فورس محکمہ سیاحت کے ساتھ ہوٹل، ریسٹورنٹس سمیت سیاحتی مقامات کا ریکارڈ اپڈیٹ رکھے گی، لاہور سمیت 3 ائرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹر بنا کر میل اور فی میل اسٹاف تعینات کیا جائے گا، جس کی آئی جی پنجاب نے منظوری دے دی ہے۔
تینوں ائرپورٹس پر2گاڑیاں اور 2ہیوی بائیکس بھی ہمہ وقت موجود رہیں گی۔ سکیورٹی کے لیے ایس پی یو اور سیاحت کے لیے پی ایچ پی موجود ہوگی۔
گزشتہ برس مری میں خواتین سے بدتمیزی کے واقعے پر راولپنڈی پولیس نے تورزم اسکواڈ تشکیل دیا تھا، جس کے بعد اب پنجاب میں ٹورزم اسکواڈ میں ڈیمانڈ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو شامل کیاگیا ہے۔
ٹورزم فورس کو موجودہ وسائل سے گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔ سیاحت فورس باقاعدہ پی ایچ پی کا علیحدہ ونگ ہوگا،سیاحت فورس پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ یونٹ کے ماتحت کام کرے گی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی سیاحت فورس کا سربراہ ہوگا، آئی جی پنجاب نے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید کی کاوش کو سراہا اور ٹورزم فورس کا آغاز جلد کرنے کا حکم دیا۔