پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مٹھی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 8 فروری کو پاکستان کے عوام سرپرائز دیں گے۔
جو کمرے میں بیٹھ کر اپنے لیے نتائج بنوا رہے ہیں ان کو جواب عوام دیں گے، جنہوں نے 9 مئی کو اداروں پر حملے کیے ان کو تو عوام رد کریں گے، ابھی تو انتخابی مہم شروع بھی نہیں کی اور مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنادیا، عوام 8 فروری کو بھی اسی جذبے سے نکلے تو پھر عوام اور پیپلز پارٹی کی جیت ہوگی۔
8 فروری کو عوام پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے، ہمارے دوست اگر سمجھتے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کی نقل کرکے الیکشن لڑسکتے ہیں تو عوام 8 فروری کو ان کو جواب دیں گے۔
زرداری کی محنت سے چند ماہ کے لیے ان کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اس دفعہ زرداری کی محنت سے وزیراعظم بھی جیالا اور وزیراعلیٰ بھی جیالا ہوگا،کوئی ہمارا سیاسی مخالف نہیں ہے، غربت اور مہنگائی مخالف ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔
ہم مزدور کی تنخواہ کو دوگنا کریں گے، عوام کی حکومت آنے والی ہے، اشرافیہ کو نہیں عوام کو فائدہ ہوگا، ہم بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے، شہید بے نظیر بھٹو نے برابری کی سیاست سکھائی ہے۔
ہم رنگ و نسل اور مذہب کسی فرق میں یقین نہیں رکھتے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ردکیا ہے، شہید بی بی نے90 کی دہائی میں تھرکول کا خواب دیکھا تھا، ہم نے اپنی حکومت میں تھرکول پرکام کیا اور تھرپارکر کی معیشت بدلی، تھر پارکر کے لیے مزیدکام کرنا باقی ہے۔