پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا کہنا ہےکہ بلےکے نشان سے متعلق کیس سے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا ہے، فیصلے سے پاکستان کی جمہوریت کے لیے نئی سمت کا تعین ہوگا۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئےگی، یہ جمہوری عمل مزید آگے بڑھےگا، تمام سیاسی جماعتوں کو اب اس عمل میں شامل ہونا پڑے گا۔
بانی رکن تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قیادت کا انتخاب پارٹی کے ورکرز کا حق تھا، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار انٹراپارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بلےکےانتخابی نشان پرالیکشن کمیشن کی اپیل پرفیصلہ سنا دیا جس کے تحت پی ٹی آئی سے بلا واپس لے لیا گیا ہے۔