پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مخلوط حکومت بنی تو پی ٹی آئی یا ن لیگ میں سے کسی کا ساتھ نہیں دوں گا، عمران خان اور نواز شریف پرانی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔
یہ لوگ جمہوریت اور ریاست کو اپنی ذاتی انا کی وجہ سے نقصان پہنچاتے ہیں، پی ڈی ایم کے کردار سے پہلے سے مایوس تھا، میاں صاحب کے کردار سے سخت مایوس ہوں۔
اس لیے آج کل ہمارے فاصلے کافی واضح ہیں، اگر میاں صاحب نے پرانی سیاست کرنی ہے تو میں ان کا ساتھ نہیں دے سکتا، ہم انتخابات اور جمہوریت کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کی اکثریت پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر نہیں ہیں، انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کو آزاد امیدواروں کا ساتھ مل سکتا ہے۔
ہم ایک نئی سوچ اور جذبےکے ساتھ ملکی نظام کو بہتری کی جانب لے جانا چاہتے ہیں، حکومت ملی تو میری حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہوگا۔
2018 اور 2013 میں بھی بہت سے سیاستدان الیکشن نہیں لڑ سکے تھے اور اس وقت سب سے زیادہ خوش بانی پی ٹی آئی تھے، ان کی سزا مکافات عمل ہے۔
ہمارے معاشرے میں پھیلی نفرت اور تقسیم کی سیاست بانی پی ٹی آئی یا نواز شریف نہیں صرف پیپلز پارٹی ختم کرسکتی ہے، کچھ قوتیں پیپلزپارٹی کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔
وہ قوتیں نہیں چاہتیں کہ پی پی وفاق میں حکومت بنائے، یہ سمجھتے ہیں بچہ ہے دہشت گردی سے خوفزدہ ہوجائے گا، دہشت گردوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، ہمارا سر کٹ تو سکتا ہے لیکن دہشت گردوں کے سامنے جھک نہیں سکتا۔