پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ سانگھڑ میں نکلنے والی گیس سانگھڑ کے لوگوں کو نہیں ملتی، اقتدار میں آکر وفاق سے سانگھڑ کے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے۔
سانگھڑ میں شازیہ مری کی انتخابی مہم کے دوران خواتین ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو کا پہلا ایجنڈا عوام کو ریلیف دینا تھا، بلاول بھی عوام کے حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں۔
سانگھڑ میں بھی این آئی سی وی ڈی بنایا جائے گا، کسان کارڈ اور یوتھ کارڈ دیے جائیں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کیلئے سوچا اور ان کی خدمت کی۔
آصفہ بھٹو سانگھڑ کے علاقے کھپرو بھی پہنچیں اور پی ایس 41 سے امیدوار علی حسن ہنگورجو کی قیام گاہ پر خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 اور 2018 میں تیر کو جتوایا، اب بھی آپ 8 فروری کو تیر پر ٹھپّا لگا کر کامیاب کروائیں۔