الیکشن کمیشن نے این اے 127 لاہور میں سیاسی جماعت کے دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 127 لاہور کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں اور ایک سیاسی جماعت کے دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور لاہور کے حلقے این اے127 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عطا اللہ تارڑ نے حلقے میں پیپلز پارٹی پر ووٹوں کی خریدوفروخت کا الزام لگایا تھا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی نے لاہور کے حلقہ این اے 127 میں پارٹی آفس پر مسلم لیگ ن کی جانب سے حملےکا الزام لگایا۔
چیف الیکشن کمشنر نے این اے 127 لاہور کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں اور ایک سیاسی جماعت کے دفتر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمشنر پنجاب سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ایک سیاسی جماعت کی طرف سے ووٹوں کی مبینہ خریدو فروخت کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمشنر پنجاب کو تحقیقات کر کے رپورٹ فوری جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔