گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ الیکشن کے دن انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہونی چاہیے تھی، کسی بھی ملک میں ایسے واقعات ہوں تو تشویش ہوتی ہے لیکن اولین ترجیح عوام کی جان و مال کی حفاظت ہے۔
تھریٹس کی وجہ سے یہ عمل کرنا پڑا، امید ہے کہ تمام وقت پر امن طریقے سے گزر جائےگا، کسی بڑی سیاسی جماعت نے موبائل سروس کی معطلی پر کوئی بڑی شکایت نہیں کی، ایک آدھ شکایات آئی ہیں جو الیکشن کا حصہ ہوتے ہیں، جتنی شکایات آئیں ہیں انہیں دور کیا جا رہا ہے۔
اس وقت پوری دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے، یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی کا نہیں ہے، اس الیکشن سے معاشی معاملات بھی جڑے ہوئے ہیں اس لیے اس وقت ایک دوسرے پر الزامات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
واضح رہے کہ انتخابات کے دوران عارضی طور پر موبائل فون سروس معطل کرنے کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے الیکشن رابطہ سیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں فوری طور پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔