اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان حکومت سازی کے حوالے سے معاملات آگے بڑھے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں فریقین کے درمیان اتفاق کیا گیا کہ رابطہ کمیٹیوں کی تیسری نشست آج ہوگی،دونوں کمیٹیاں اپنی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد آج بات چیت کا تیسرا راؤنڈ کریں گی۔
ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ تیسرے راؤنڈ میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیوں کے درمیان حکومت سازی سے متعلق پہلی بیٹھک ہوئی تھی جس میں مستحکم وفاقی حکومت کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کیلئے ن لیگی امیدوار کو ووٹ دینے کیساتھ حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ پارٹی صدر، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کیلئے اپنے امیدوار نامزد کرے گی، جبکہ لیگ اپنی پالیسی کے مطابق اپنے امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کرے گی۔