جیل میں ہوئی ملاقات میں پرویز الہیٰ نے شجاعت حسین سے کیا کہا، رشتہ دار خاتون نے بتادیا
اڈیالا جیل میں چوہدری پرویز الہیٰ کیساتھ رشتہ دار خاتون سمیراالہیٰ اور اہلیہ قیصرہ الہیٰ نے ملاقات کی ہوئی جس کے بعد رشتہ دار خاتون نے چوہدری پرویز الہیٰ اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا ہے۔
ملاقات کے بعد قیصرہ الہیٰ کا کہنا تھا ان کی پرویز الہیٰ سے خاندانی معاملات پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیاسی بات صرف اتنی ہوئی کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پرویز الہیٰ کی رشتہ دار سمیرا الہیٰ نے چند روز پہلے پرویز الہیٰ اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ پرویز الہیٰ نے اُس ملاقات میں چوہدری شجاعت کو کہا کہ آپ کے بچوں نے جو کچھ کیا ہے وہ اسے کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پرویز الہیٰ کا مؤقف تھا کہ سیاسی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے جبکہ خاندان سے متعلق فیصلہ وہ اپنی اہلیہ قیصرہ الہیٰ سے مشورہ کر کے بتائيں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع اور چوہدری وجاہت کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں اپنے کزن اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہیٰ کے درمیان اڈیالا جیل میں ہونے والی ملاقات 2 گھنٹے 40 منٹ تک جاری رہی، ملاقات میں پرویز الہیٰ کی صحت، جیل میں سہولیات اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات میں خاندانی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔