’لگتا ہے پہلی مرتبہ انتخابات میں مسائل ہوئے ہیں‘ایم کیو ایم کا سیاسی جماعتوں کو تحمل کا مشورہ
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی سیاسی جماعتوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیدیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے پہلی مرتبہ انتخابات میں مسائل ہوئے ہیں، پہلے تمام الیکشن ٹھیک طرح ہو جاتے تھے کسی کو مسئلہ نہیں ہوتا تھا، سب صبر و تحمل کے ساتھ بیٹھ کر ملکی مسائل کا حل نکالیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہر کوئی اپنے مفاد کی خاطر احتجاج کی دھمکی دے رہا ہے، ملک کو انتشار کی طرف نہ لے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے خلاف تصاویر لگا کر مہم چلائی جارہی ہے جو انتہائی غلط عمل ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن کی دھاندلی انہیں نظر نہیں آتی، جب پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال کر 2018 میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جتوایا گیا تھا۔ تب تو کسی نے کوئی تنقید نہیں کی۔