مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہاہےکہ پنجاب میں یہ ن لیگ کیلئے بہت مشکل الیکشن تھا لیکن پنجاب کے عوام نے ن لیگ کو بہت واضح مینڈیٹ دیا اور پنجاب کا نیا دور شروع ہوگیا۔
آپ سب کو فتح پر مبارک باد دیتی ہوں، مسلم لیگ ن کی پنجاب میں واضح اکثریت آئی ہے، بہت بڑی تعداد نوجوان ایم پی ایز کی آئی ہے، نوجوان ایم پی اے منتخب ہونے پر بہت خوشی ہوئی ہے۔
یہ ایک مشکل الیکشن تھا، واضح اکثریت پر پنجاب کی عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں، پنجاب کا آج سے نیا عہد ، نیا دور شروع ہوگا، ہم خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔
ہم سب کو ایک ٹیم بن کرخدمت کے ریکارڈ قائم کرنا ہیں، پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا اعزاز بہت بڑا اعزاز ہے، یہ اعزاز ہر بیٹی، ماں، بچی اور مخصوص نشستوں کی خواتین کے نام کرتی ہوں.
دوسرے صوبوں سے آنے والے پنجاب میں واضح فرق دیکھتے ہیں جہاں کام ہوا ہے وہ نظر آتا ہے جہاں خالی باتیں ہوئی ہیں وہ نظر آتی ہیں، نوازشریف نے 2015 میں پاکستان کا پہلا ہیلتھ کارڈ شروع کیا۔
ہیلتھ کارڈ میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی،احسن طریقے سے چلایا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعہ لوگوں کی مفت سرجری ہوتی تھی، اب ہیلتھ کارڈ میں کرپشن ہوئی، پیسہ کمانے کا ذریعہ بنایاگیا۔
ہیلتھ، تعلیم ، لوکل گورنمنٹ کے شعبے میں بہت چیلنجز ہیں، دیہاتوں میں سیوریج، صاف پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، پنجاب کے 297 حلقوں کو 297 ڈسٹرکٹ کے طور پر دیکھنا ہے۔
محفوظ پنجاب پروگرام پر بھی کام کیا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کو تمام شہروں میں لے کر جانا ہے، خواتین کیلئے تھانوں میں بہتری لانا ہے، ماڈل وومن پولیس اسٹیشن بنانا ہیں۔