پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ پڑنے کا انتظار نہیں کریں گے، اب ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت ہو۔
اسٹیبلشمنٹ سے ان کا تعلق اب بھی وہیں کھڑا ہے جہاں 9 مئی کی رات کو کھڑا تھا، پی ٹی آئی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ سیاسی قوتوں سے بات نہیں ہوسکتی مگر بات چیت کے ایجنڈے پر اختلاف ہے۔
پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی دھاندلی کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم کو ہوا، ایم کیو ایم کے امیدواروں نے 6-6 اور 10-10 ہزار ووٹ لیے اور انہیں سیٹیں دے دی گئیں، ان سے بات چیت ناممکن ہے۔
پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا، مسلم لیگ ن کہتی رہی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی وکٹم رہی ہے، اسے چاہیے کہ وہ بھی اس بات کا ادراک کر لے۔
سیاسی قوتوں سے ممکنہ مفاہمت سے متعلق رضامندی ظاہر کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی ڈیل صرف سیاسی قوتوں سے ہو سکتی ہے۔