مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے پشاور ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےدعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 5 سالوں میں خیبرپختونخوا تباہ ہونے جا رہا ہے۔
اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا ہے، عام انتخابات میں بھی اعتراض کے بعد انہیں نااہل کیا گیا تھا، خیبرپختونخوا حکومت پہلے 1100 ارب روپے کا قرض تو ختم کرے، آئندہ 5 سالوں میں خیبرپختونخوا تباہ ہونے جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے پشاور میں ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے ٹرین چلانے سے متعلق سوال پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا زبانی باتوں سے ٹرین نہیں چلتی، علی امین نے خواب میں ٹرین چلائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شہباز شریف کی نقل کر رہی ہے، کے پی میں آٹا نہیں، دیگر بنیادی مسائل ہیں۔
عمران خان سے متعلق سوال پر رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دیسی مرغی، انڈے مل رہے ہیں اور کیا چاہیے۔