صدر مملکت آصف زرداری نے گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نصیب میں یہ نہیں لکھا پاکستان غریب ملک رہے، دارالحکومت اسلام آباد میں بیٹھنے والے بابوؤں کی سوچ، سمجھ اور کم عقلی نے ہمیں غریب کیا ہوا ہے۔
بی بی کو پتاتھاکہ میں پارٹی سنبھالوں گا، عوام اور کارکنوں کی طاقت سے صدر بنا، آپ کی طاقت سے چلتا ہوں، آپ کی طاقت سے جیلیں بھی کاٹی ہیں۔
ہمارے نصیب میں یہ نہیں لکھا کہ پاکستان غریب ملک رہے، اسلام آبادمیں بیٹھنے والے بابوؤں کی سوچ، سمجھ اور کم عقلی نے ہمیں غریب کیا ہوا ہے، پاکستان غریب ملک نہیں ہے، اللہ نے ہمیں سب کچھ دیا ہے۔
ہم سب کچھ سنبھال سکتے ہیں، بس صرف دماغ کی کمی ہے، ہم مل کر بیٹھیں اور سوچیں تو کونسی چیز ہے جو ہمارے پاس نہیں ہے؟ اگر ہم ہمیشہ لڑتے رہے تو عوام پستی ہے، عوام کی قربانی ہوجاتی ہے۔
ہم کوئی قدم لیں تو سوچ سمجھ کر لیں آنے والی نسل کو نقصان نہ ہو، تاریخ میں ہوا ہے کہ لوگوں نے پاکستان کا نقصان کیا ہے، آج تک ان نقصانات کا خمیازہ بھر رہے ہیں، کوشش کریں گے کہ آنے والے سیاستدان غلطیاں کم کریں اور مل کر چلیں۔