محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ 17 اپریل کو بلوچستان سے کراچی میں داخل ہوگا جس سے تیز بارش متوقع ہے جب کہ آج کراچی میں بارش کا امکان نہیں تاہم مطلع ابر آلو رہے گا۔
کراچی میں صبح درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد سے زائد تھا،شدید بارشوں سے کوئٹہ کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اورسیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نےآج اسلام آباد، پنجاب،خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ لوئر دیر میں شدید بارشوں کے باعث دریائے پنجکوڑہ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
اسکے علاوہ، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، سکھر، خیرپور، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو، دادو، نوشہروفیروز، سانگھڑ، مٹیاری، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، میرپور خاص، ٹھٹہ، عمرکوٹ اور بدین کے اضلاع میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
واضح رہے کہ مغربی سلسلے کے تحت گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں درمیانی اور کہیں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔