وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگرد سربجیت سنگھ پر حملے میں ملوث عامر تانبا پر فائرنگ کے واقعے میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
عامر تانبا پر فائرنگ کے واقعے کی پولیس تفتیش کر رہی ہے لیکن اب تک پولیس کا شک بھارت پر جا رہا ہے کیونکہ عامر تانبا سے پہلے بھی قتل کے 4 واقعات میں بھارت ملوث تھا۔
جب تک تفتیش مکمل نہ ہو جائے کہنا بہتر نہیں لیکن بھارت کا اسی طرح کا پیٹرن ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے پر بہت پریشر آ رہا ہے لیکن یہ مہم نہیں رکے گی، لاہور میں کام کیا گیا، پہلے کی بات نہیں کر سکتا لیکن اب ایف آئی اے پر کوئی پریشر نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے باقی سرکلز کام شروع کر رہے ہیں، ہمارے کچھ قوانین میں ترامیم ہونے والی ہیں، ہمیں سخت قوانین کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم سے بھی بات کی ہے جو مرضی ہو جائے پریشر نہیں لیں گے، بلوچستان اور کے پی میں بجلی چوری زیادہ ہے، وہاں کام کریں گے، بلوچستان میں جو واقعہ ہوا اس پر تحقیقات ہو رہی ہے، ایجنٹ تمام افراد کو زیارت کے ویزے پر لے جا رہے تھے۔