محکمہ موسمیات نے سندھ کی ساحلی پٹی پر آج اور کل ہلکی سے متعدل شدت کی بارش کی پیشگوئی کی ہے،کراچی کے مختلف علاقوں ٹاور، آئی آئی چند ریگر روڈ اور دیگر علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی ہے۔
کراچی میں 15 سے 40 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے،دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے جب کہ کراچی میں زیادہ تیز بارش کا امکان نہیں ہے۔
بلوچستان سے سسٹم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں داخل ہورہا ہے ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے شدید بارش کی رپورٹ آرہی ہے، صوبے میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔
آج کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے،24 گھنٹوں کےدوران مطلع ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں ہلکی سے درمیانی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب78 فیصد ہے جب کہ جنوب مغرب سےچلنےوالی ہواکی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے جس کے بعد واٹر کارپوریشن نے مختلف اہم شاہراہوں پر سکشن مشینیں بھیج دی ہیں۔
سی او او واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کی مکمل نکاسی تک عملہ سڑکوں پر رہے گا۔