سردار سلیم حیدر پنجاب، فیصل کریم کنڈی خیبر پختونخوا کے گورنر نامزد ،بلوچستان میں نئے گورنر کی تعیناتی کا فیصلہ

0 91

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب جبکہ فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا نامزد کر تے ہوئے کہا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ یہ دونوں رہنما اپنےفرائض بخوبی سرانجام دیں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے، وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات اور 2008 سے 2013 تک ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی رہے ہیں۔

سردار سلیم حیدر کا تعلق ضلع اٹک سے ہے وہ سابق وفاقی وزیر ، پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر ،معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اوروزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی پیدوار بھی رہ چکے ہیں۔

وہ 2008 میں اٹک سے این اے 59 سے ایم این اے منتخب ہوئے،سردارسلیم حیدر نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مجھے خوشخبری سنائی ہے کہ آپ ہمارے گورنر پنجاب ہوں گے، بتایا گیا ہے کہ آج رات تک نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔

شیخ جعفر مندوخیل کو بلوچستان کا گورنر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہ مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر ہیں۔

جعفر مندو خیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے گورنر نامزد کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا،صوبے اور وفاق کے درمیان ترقی اور خوشحالی کیلئے پل کا کردار ادا کروں گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.