اسلام آباد(شوریٰ نیوز)پی ٹی آئی کے اہم رہنما امین اسلم کاتحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ، وہ بلین ٹری منصوبے کے سربراہ اور امین اسلم وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی بھی رہ چکے ہیںتفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی ایک اور وکٹ گر گئی، سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری پر پرتشدد احتجاج کی پالیسی کے بعد پی ٹی آئی کو ایک اور دھچکا لگ گیا، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔سابق وفاقی وزیر امین اسلم سے سوال کیا کہ کیا آپ پاکستان تحریک انصاف چھوڑ رہے ہیں؟، جس پر انہوں نے مختصر تاہم واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔واضح رہے کہ ملک امین اسلم اٹک سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تھے وہ بلین ٹری منصوبے کے سربراہ اور امین اسلم وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی بھی رہ چکے ہیں۔ملک امین اسلم پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کی وجوہات بتائیں گے، وہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کور کمیٹی کے ایک اور رکن ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، وہ آج شام ساتھیوں سمیت باضابطہ اعلان کریں گے۔ڈاکٹر امجد کا سماء سے گفتگو میں کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی توڑ پھوڑ، احتجاج اور محاذ آرائی کی سیاست کا ساتھ نہیں دے سکتا، ملکی سلامتی ریاستی اداروں کے استحکام کے ساتھ جڑی ہے،تحریک انصاف کا قومی اداروں کے خلاف بیانیہ خطرناک ہے، ملکی اداروں کو اپنی ذات اور سیاست پر ترجیح دیتا ہوں۔اس سے قبل گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء عامر کیانی نے بھی پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس سمیت دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں کی مذمت بھی کی تھی۔