کراچی ائیرپورٹ سے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا باقاعدہ آغاز

0 83

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہاکہ سعودی حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے کئی منصوبوں پر کام شروع کرنے جا رہی ہے۔

میری درخواست ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جب پاکستان کے دورے پر آئیں تو سندھ ضرور تشریف لائیں۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے دعا گو ہیں اور سعودی عرب پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئیے پرعزم ہے۔

تقریب سے خطاب میں سعودی چیئرمین امیگریشن اینڈ پاسپورٹ لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبد العزیز نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کو پاکستان کے دیگر ائیرپورٹس تک بھی توسیع دی جائے گی۔

سعودی حکام کے ہمراہ کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور چیئرمین سعودی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے خصوصی شرکت کی۔

وفاقی حکومت کے متعلقہ عہدیداروں کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کے عازمین حج کے امیگریشن اور دیگر تمام ضروری تقاضے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہی پورے کر لیے جائیں گے۔

ائیرپورٹ سے کلیئر شدہ حجاج کرام جدہ ائیرپورٹ اور مدینہ ائیرپورٹ پر امیگریشن کے طویل دورانیے کے عمل سے گزرے بغیر براہ راست اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے رہائش گاہوں پر چلے جایا کرینگے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.