پشاور: لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، مشتعل افراد احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پشاور ایم ون سے چارسدہ تک موٹر وے بند کرادیا۔
پشاور میں اکبر پورہ اور قریبی دیہات کے لوگوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور ایم ون سے چارسدہ تک موٹر وے کو بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اکبر پورہ اور ملحقہ علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ سخت گرمی میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ جب تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی نہ کرائی گئی احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔
ادھر خیبرپختونخوا کے شہروں چارسدہ اور نوشہرہ میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے باعث چارسدہ میں دریائے کابل کے پل پرگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جب کہ نوشہرہ میں مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور رشکئی موٹر وے انٹر چینج بلاک کر دیا۔
جیکب آباد میں بھی شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کےخلاف پریس کلب کےباہر احتجاج کیا۔
ضلع میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جارہا ہے، شدید گرمی میں بھی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جینا حرام کر دیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان حیسکو کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ میرپورخاص، حیدرآباد اور نواب شاہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔