چین نے فرسودہ طریقہ چھوڑ کر جدید طریقہ اپنایا، چین کی ترقی ہمارے لیے قابل تقلید ہے، وزیراعظم

0 112

وزیراعظم شہباز شریف نےچین کے شہر شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی ہمارے لئے قابل تقلید ہے، بزنس کانفرنس دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ہمیں ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے، اگر ہم ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے، چین کے شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی حاصل کی جو ہمارے لیے ایک مثال ہے۔

پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات بہتر انداز سے دنیا کے سامنے پیش کریں، چین نے ترقی کے لیے فرسودہ طریقہ چھوڑ کر جدید طریقے کو اپنایا، پاکستان بھی بدعنوانی پر قابو پانے کےلیے مؤ ثر اقدامات کر رہا ہے، پاکستان میں کاروبار میں آسانی پیداکرنے کے لیے بزنس کونسل قائم کی۔

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی کی ضمانت ہے، یہاں قرضوں کے لیے نہیں بلکہ کاروبار اور ترقی کے لیے آیا ہوں، 5 چینی باشندوں کی دہشت گردی کے واقعے میں ہلاکت افسوسناک لمحہ تھا، پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے، چینی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ٹرانشیئن ہولڈنگز کے بانی اور چیئرمین ژو ژاؤ جیانگ نے بھی ملاقات کی۔

چینی کمپنی کے سربراہ نے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی جبکہ الیکٹرک بائیکس، جدید زراعت اور فِن ٹیک میں سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا اور چین میں پاکستان کے سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کمپنی کے ساتھ مل کر جلد لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.