کراچی آج بھی بلا کی گرمی میں 12 سے 14 گھنٹے بجلی غائب ہونا معمول بن گیا ، اس ہفتے گرمی کا پارہ 40 سے 43 ڈگری تک گیا جبکہ اس کی شدت 52 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔
ایسے میں پانی اور بجلی وہ نعمتیں تھیں جو شہریوں کو موسم کی ہولناکی سے بچا سکتی تھیں مگر ستم یہ ہوا کہ بیشتر علاقوں میں بجلی 12 سے 14 گھنٹے اور پانی کئی دن سے غائب ہے جس کا پہلا نتیجہ یہ نکلا کہ ہیٹ اسٹروک سے درجنوں ہلاکتیں ہوئیں جس کا ریکارڈ میت خانوں میں بھی موجود ہے۔
گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، لانڈھی،کورنگی، ملیر اور شہر کے دیگر علاقوں میں پانی کی بندش کا سلسلہ عید الاضحیٰ سے جاری ہے۔
دوسری جانب بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف رضویہ، لائنز ایریا، گرو مندر، نارتھ کراچی، موسیٰ کالونی سمیت کئی علاقوں میں عوامی احتجاج کے دوران سڑکیں بند کی گئیں جس سے ٹریفک جام ہوگیا،سندھ حکومت، کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ سمیت متعلقہ اداروں نے شہر میں بنیادی سہولتوں کی بلا تعطل فراہمی یقینی نہ بنائی تو صورتحال قابو سے باہر ہوجائے گی۔
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، آج سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دادو میں 48، سبی، لسبیلہ، خیرپور میں 47، روہڑی، نور پور تھل، موئن جو دڑو، لاڑکانہ، چھور، بہاول پور میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
اس کے علاوہ سرگودھا، ساہیوال، سکھر میں 45، جہلم میں 44، لاہور، ملتان، ڈیرا غازی خان، فیصل آباد، اٹک، حیدرآباد، ٹھٹھہ، مٹھی، ڈیرا اسماعیل خان میں 43، اسلام آباد، بنوں میں 42، کراچی، پشاور میں 41 اور کوئٹہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے،کراچی میں 2 یا 3 جولائی کو بارش کا امکان ہے جبکہ کل سے ملک بھر میں یکم جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔