عارف علوی نے سندھ حکومت کا اسپیشل نمبر پلیٹس کی نیلامی کا عمل ریاستی لالچ قرار دے دیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق صدر عارف علوی نے سندھ حکومت کی جانب سے اسپیشل نمبر پلیٹس کی نیلامی کو ریاستی لالچ قرار دیتے ہوئے کہاکہ سندھ میں موٹر کار کی ایک نمبر پلیٹ دس کروڑ میں نیلام ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں اور کیا کہہ سکتا ہوں؟ اس ملک کے حکمران میرے وطن کو تیزی سے ایک گھٹیا اور زوال پزیر معاشرے کی طرف دھکیل رہے ہیں، دولت کی نمائش کی حوصلہ افزائی ایک لالچی ریاست کر رہی ہے جو خود بھی لوٹ مار کرتی ہے، چوری کے راستے کھولتی ہے پھر دولت کی عدم مساوات کے عوامی ‘مجروں کا اہتمام کرتی ہے۔
عوام میں اور موجودہ حکمرانوں میں ایک بہت بڑی خلیج نظر آرہی ہے اور دولت مندوں میں بے حسی کی عجیب کیفیت ہے۔ اگر دنیا میں ایسا ہوتا ہے تو ضروری نہیں ہے ہم بھی وہی کریں، خاص طور پر جب میرے بھوکے عوام، اشرافیہ کی عیاشیوں کیلئے اپنی خون پسینے کا حلال رزق، حرام کھانے والوں کو کمر توڑ ٹیکس کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔