جو سائل نہیں تھا سپریم کورٹ نے اسے دہلیز پر فیصلہ پہنچاکر ہوم ڈیلیوری کی،خواجہ آصف

0 121

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ اس شخص کی دہلیز تک پہنچایا گیا جو سائل ہی نہیں تھا، ہوم ڈیلیوری کی گئی۔

سیالکوٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا اعلیٰ ترین عدلیہ کے بارے میں غیرضروری بیانات سے گریز کرتا ہوں لیکن آئین کی سربلندی کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے، سارا نزلہ سیاستدانوں پہ گرتا رہا ہم وہ سہتے رہے، لوگ پھانسی لگ گئے اور انصاف نہیں ملا، دو دو،تین تین نسلوں سے لوگ انصاف کے منتظر ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر خواجہ آصف کا کہنا تھا فیصلہ ایک شخص کی دہلیز تک پہنچایا گیا جو سائل ہی نہیں تھا، فیصلے کی ہوم ڈیلیوری کی گئی، عدالت میں سنی اتحاد کونسل آئی تھی، پی ٹی آئی کا تو نام و نشان نہیں تھا، سب جانتے ہیں کہ اراکین اپنے پارٹی نشان پر الیکشن لڑتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا موجودہ حالات میں پنڈورا باکس کھل گیا ہے، قومی مستبقل کے لیے یہ اچھی بات نہیں ہے، کل ہم کس ادارے سے کہیں گے کہ آپ نے غیرآئینی کام کیا ہے، الیکشن کمیشن بھی آئینی ادارہ ہے، پارلیمنٹ بھی آئینی ادارہ ہے۔

ہمارے اس وقت بھی 209 ممبرز ہیں، آئین کی بہت سی شقوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے، بہتر فیصلے وہ ہوتے ہیں جو عام فہم ہوں اور لب کشائی نہ کی جائے، عدالتی فیصلے پر آگے کیا ردعمل دین اہے اس کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا، پیر کو پارلیمنٹ میں یہ فیصلہ ہو گا کہ حکومت نظر ثانی کی طرف جائے گی یا نہیں۔

ملک میں دہشتگردی چل رہی ہے، آپریشن پر پی ٹی آئی انکاری ہے، آئینی انارکی پھیلے گی، صورتحال گھمبیر ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ گیم چل رہا ہو اور تماشائی میدان میں گھس آئے ہوں، آئین اور قانون پامال ہو گا تو سب اپنی حدود پار کر جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.