ہمیں اب مذمتوں سے بڑھ کر اسرائیل کی مرمت بھی کرنی چاہیے،سربراہ ایم کیو ایم

0 62

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں اب مذمتوں سے بڑھ کر اسرائیل کی مرمت بھی کرنی چاہیے۔

قومی اسمبلی میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔

اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی نے خیالات کا اظہار کیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بہت ساری سکیورٹی کے باوجود اسماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کیا گیا، وزیراعظم کوشش کریں او آئی سی کا اجلاس بلائيں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو یہ ایوان ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور دہشت گردی سمجھتا ہے، ہمیں اب مذمتوں سے بڑھ کر اسرائیل کی مرمت بھی کرنی چاہیے۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ فلسطین پر مظالم پر ہمارا ردعمل سب سے کمزور ہے، کیا فرق پڑتا ہے اگر ہم نیتن یاہو کو دہشت گرد اور قاتل ڈیکلیئر کرتے؟

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔

ان کی شہادت پر ملک بھر میں کل یوم سوگ منایا گیا اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.