فضل الرحمان کی قطر میں شہید اسماعیل ہنیہ کے اہلخانہ اور خالد مشعل سے ملاقات

0 97

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں اور شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابقمولانا فضل الرحمان وفد کے ہمرا ہ جدہ سے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے ، مولانا فضل الرحمان نے دوحہ میں حماس رہنما خالد مشعل اور فلسطین کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔انہوں نے پاکستان کی عوام کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کی، شہدا غزہ کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی، مسجد اقصیٰ کو صیہونی غاصبوں سے آزاد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے، مسجد اقصیٰ اورفلسطین کی آزادی سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، جےیوآئی اور پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ساتھ کھڑی ہے۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی،وفد کےساتھ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے شہید اسماعیل ہنیہ کی نمازجنازہ میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے حماس کی قیادت اور شہید اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مولانا فضل الرحمان نے دوحہ میں اسماعیل ہنیہ شہید سے ملاقات کی تھی اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.