پنجاب میں پاور شیئرنگ، ن لیگ کا پالیسیوں پر قبل ازوقت پی پی کو اعتماد میں لینے پر اتفاق

0 52

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ کے معاملے پر اہم اجلاس ہوا جس میں حکومتی اتحاد کے تحریری معاہدے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں معاہدے کے بقیہ نکات پر مرحلہ وار عمل درآمد کرنے پر اتفاق ہوا۔کچھ نکات پر عمل درآمد فوری اور باقی نکات پر ٹائم فریم دینے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے قانون سازی، بجٹ اورپالیسیوں پر قبل ازوقت پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا۔ ملک کے استحکام کے لیے دونوں جماعتوں کا مل کر چلنے پر اتفاق ہوا، دونوں جماعتوں کے رہنما اجلاس کی رپورٹ قائدین کو پیش کریں گے۔

اجلاس میں طے ہوا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کے جن اضلاع میں کامیاب ہوئی وہاں ان کی مرضی کے افسر تعینات ہوں گے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ن لیگ کے ارکان کے برابر ترقیاتی فنڈ دینے پر اتفاق ہوا۔

رہنما پیپلزپارٹی حسن مرتضٰی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ اجلاس میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان پاورشیئرنگ پربات ہوئی،ن لیگی رہنماؤں سے خوشگوار ماحول میں بات ہوئی، دونوں اتحادی حکومت کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

ایک ذیلی کمیٹی بنائی ہے جو پاورشیئرنگ کے معاملات کو دیکھے گی، ایک ہفتے تک چیزوں کو فائنل کرکے کمیٹی کے سامنے لائیں گے، تاثر دیا جارہا ہے شاید پیپلزپارٹی حکومت سے حصہ مانگ رہی ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے مقاصد کے حصول کے لیے حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہے۔

یاد رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے درمیان 3 دن قبل ملاقات ہوئی تھی جس میں پیپلز پارٹی نے شکوہ کیا تھا کہ پنجاب حکومت میں پیپلز پارٹی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.