سکھر پولیس نے آپریشن کے دوران 2 ماہ قبل غوث پور سے اغوا کیے جانے والے مغوی کو بازیاب کرالیا۔
سکھرکے علاقے بائجی کے کچے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہےجس دوران پولیس نے 2 ماہ قبل غوث پور سے اغوا کیے جانے والے مغوی کو بازیاب کرالیا۔
سکھر پولیس کے مطابق بازیاب مغوی کو 2 ماہ قبل نسوانی آواز میں بلا کر اغوا کیا گیا تھا، ڈاکو مغوی کو دوسرے مقام پر منتقل کررہے تھے جس دوران خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، پولیس کے پہنچنے پر ڈاکو مغوی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق شکارپور میں کچو کیٹی کے علاقے میں حساس اداروں اور پولیس نے آپریشن کے دوران گھوٹکی کے رہائشی مغوی کو بازیاب کرالیا،مغوی کو 11 روز قبل گھوٹکی سے اغوا کیا گیا تھا، اس کارروائی کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔