لاہور(شوریٰ نیوز) عمران اور شاہ محمود ملاقات، تلخ اور سخت جملوں کا تبادلہ،وائس چیئرمین نے پارٹی چیئرمین کو کہا کہ آپ وقتی طور پر پیچھے ہٹ جائیں، بیرون ملک چلے جائیں،گزشتہ روز شاہ محمودقریشی جب چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئے تو بہت فریش تھے اور میڈیا سے گفتگو کا کہہ کرگئے لیکن ملاقات سے واپسی پر شاہ محمودقریشی کا چہرہ اترا ہوا اور اعصاب تنے ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے ملاقات والےکمرے میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات نہیں کی، ان کی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات ویڈیو ریکارڈنگ روم میں ہوئی۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود نے ورکرزکو ریلیف دلوانےکےلیے پالیسی بنانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں ورکرز پکڑےگئے ہیں ان کےلیےکوششیں کرنی چاہئیں اور پارٹی کو دوبارہ سسٹم میں لانے کے لیے سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔ذرائع کا بتانا ہےکہ دونوں رہنماؤں نے کچھ دیر لان میں واک کے دوران بھی گفتگو کی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اب تک شاہ محمود کا موبائل فون مسلسل بند ہے۔ نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی کے ملتان میں ایک انتہائی قریبی دوست کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارٹی چیئرمین کو کہا کہ آپ وقتی طور پر پیچھے ہٹ جائیں، بیرون ملک چلے جائیں یا اگر بیرون ملک نہیں جانا تو یہاں ہی رہیں مگر لب کشائی بند کردیں، ہمیں معاملات طے کر لینے دیں، معافی تلافی ہو لینے دیں، جب سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا تو آپ واپس تحریک انصاف کو سنبھال لیجئے گا، مشکل وقت ہے اور جذبات کے بجائے دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ذریعے کے مطابق اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں تلخی بھی ہوئی اورسخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔