ایوان سے منظوری کے بعد آئینی ترمیم پر صدر مملکت آج دستخط کریں گے

0 107

پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم پر صدر مملکت آصف علی زرداری آج دستخط کریں گے۔

ایوان صدر سیکرٹریٹ کے مطابق آئینی ترمیم پر صدر مملکت آج دستخط کریں گے تاہم صبح 6 بجے منعقدہ تقریب ملتوی کردی گئی ہے، تقریب آج دن میں کسی وقت ہوگی، وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ایوان صدر میں پارلیمان کے دونوں ایوان سے منظوری کے بعد 26 آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب میں پارلیمنٹرینز بھی شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دیدی ہے، حکومت دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

قومی اسمبلی میں 26 ویں آئینی ترمیم کی شق وار منظوری لی گئی، ایوان سے ترمیم کی منظوری کیلئے 224 ووٹ درکار تھے جبکہ ترمیم کے حق میں 225 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

شق وار منظوری کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ کی گئی، نوازشریف نے ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ کے عمل میں سب سے پہلے ووٹ دیا۔

آئینی ترمیم کیلئے 6 منحرف اراکین نے بھی اپنے ووٹ کاسٹ کیے، پانچ ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے بتایا جا رہا ہے جبکہ ایک کا تعلق ق لیگ سے تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.