عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کل طلب

0 103

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو کل طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے دلائل میں کہا کہ پہلے اسی عدالت سے آرڈر ہو چکے، جیل رولز کے مطابق عدالت نے آرڈر جاری کئے تھے۔

عدالت نے سوال کیا کہ اب کیا صورتِ حال ہے؟ جس پر وکیل فیصل چودھری نے جواب دیا کہ پارٹی کے سیاسی رہنماؤں سے میٹنگ کینسل کر دی گئی ہے، ہم بار بار اس عدالت کو تکلیف دیتے ہیں لیکن مجبوراً ہمیں یہاں آنا پڑتا ہے، اسی عدالت نے 3 وکلاء پر مشتمل کمیشن بھی قائم کیا تھا لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

عدالت نے سٹیٹ کونسل سے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ بار بار ایسا ہوتا ہے؟ ہمارے آرڈر کے باوجود اگر پٹیشن آتی ہے تو ہم نے لکھا تھا کہ سٹیٹ پر جرمانہ عائد ہوگا جس پر سٹیٹ کونسل نے کہا کہ ہم جیل حکام سے پوچھ لیتے ہیں جو بھی صورتحال ہے، سپرنٹنڈنٹ جیل ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ کیوں ملاقات نہیں کرائی جاتی؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آپ اس درخواست کو دیکھیں، کل سپرنٹنڈنٹ جیل کو کہیں کہ پیش ہوں۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو کل 10 بجے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.