چین کے وزیراعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

سی پیک، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور معاشی تعاون پرتفصیلی بات چیت

0 49

پیرس(شوریٰ نیوز) چین کے وزیراعظم نے وزیراعظم شہبازشریف دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی، چینی وزیراعظم لی کی چیانگ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات سی پیک، دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور معاشی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہبازشریف اور چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر پیرس میں ملاقات ہوئی جس میں سی پیک سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رواں سال مارچ میں وزارت عظمی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وزیراعظم لی کی چیانگ کی وزیراعظم شہبازشریف سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ چین کے وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کے کلیدی مفادات کے تحفظ، معاشی ترقی اور پاکستان کے عوام کی خوش حالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی مستحکم انداز میں ترقی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں اطراف نے اس امر پر اتفاق کیا کہ سی پیک پاکستان کی سماجی ومعاشی ترقی میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیاگیا۔ دونوں قائدین نے رواں سال سی پیک کی کامیابی کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی بھرپور انداز میں منانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح کے رابطوں کی رفتار برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے اپنے ہم منصب کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو وزیراعظم لی کی چیانگ نے قبول کرلی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.