جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزمہ کو 6 سال قید کی سزا سنادی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے والی پریانکا دیوی سمیت چار ملزمان کے خلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جرم ثابت ہونے پر ملزمہ پریانکا دیوی کو مجموعی طور پر 6 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ ملزمہ پر 45 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔
عدالت نے تین شریک ملزمان مریم ،امان اور راشد کو 2،2 سال قید کی سزا اور 20،20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
عدالت نے چاروں ملزمان کی ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
پریانکا دیوی کے خلاف امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر انکوائری شروع کی گئی تھی۔
ملزمہ نے پڑھائی کی غرض سے امریکا جانے کے لیےکراچی یونیورسٹی کی جعلی ڈگری جمع کرائی تھی۔ ایجوکیشنل کنسلٹنٹ ملزمہ مریم عادل نے پریانکا دیوی کو جعلی ڈگری لینے پر اکسایا تھا جب کہ ملزم امان نے پریانکا دیوی کو جعلی ڈگری دلوائی تھی۔