چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ کچھ لوگ خواتین کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، تنگ نظر سوچ کا جواب خواتین فٹ بالرز ہیں۔
کراچی کے علاقے لیاری میں پنک فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتاحی تقریب سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ تنگ نظر سوچ رکھنے والے لوگ ہمارے ملک میں بھی اور پڑوسی ملکوں میں بھی موجود ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب سندھ کی فٹ بالرز بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کریں گی ، ثابت کریں گے کہ سندھ کی خواتین دنیا میں خواتین کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، بہت سے مسائل ہیں اور بہت شعبوں میں کام کی بھی گنجائش ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔